ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ کیشو بھائی پٹیل کا انتقال

گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ کیشو بھائی پٹیل کا انتقال

Thu, 29 Oct 2020 20:36:44    S.O. News Service

احمدآباد؍نئی دہلی،29؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)گجرات کے سابق وزیراعلی کیشو بھائی پٹیل کا آج یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ 92 برس کے تھے۔ آج صبح سانس لینے میں دقت ہونے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔ کچھ وقت پہلے وہ کورونا سے متاثر ہو گئے تھے لیکن وہ ٹھیک ہو گئے تھے۔ انہیں 30 ستمبر کو ہی سومناتھ مندر ٹرسٹ کا دوبارہ صدر منتخب کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نریندر مودی نے پٹیل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغام میں انہیں سماج کے ہر طبقے کے لئے کام کرنے والا رہنما بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گجرات اور گجراتیوں کے خود مختار بنانے کے لئے قربانی کے جذبے سے کام کیا۔

پی ایم مودی نے کہا کہ پٹیل نے جن سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے گجرات کے ہر کونے کا سفر کیا اور ایمرجنسی کی مخالفت کی۔ کسانوں کے لئے فلاح و بہبود کے مسئلے ان کے دل کے قریب تھے۔ ایک رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ، وزیر اور وزیراعلی کے طور پر انہوں نے متعدد کسانوں کی فلاح کے قدم اٹھائے۔

انہوں نے متعدد نوجوان کارکنان کو تحریک دی اور سبھی ان کے شفیق برتاؤ کو پسند کرتے تھے۔ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور آج ہم سب بے حد افسردہ ہیں۔ وزیر اعظم نے پٹیل کے بیٹے بھارت پٹیل سے فون پر بات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔


Share: